چھیپا اورایدھی ایمبولینسوں کے ڈرائیوروں میں عیدگفٹ تقسیم

May 05, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چھیپا اور ایدھی ایمبولینس کے ڈرائیورہمارے ہیروز ہیں جنہوں نے ہمیشہ بروقت بم دھماکوں اورحادثات میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو ہسپتالوں تک پہنچایا ہے جنہیں ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،خدمت خلق فاونڈیشن کی جانب سے چھیپا اورایدھی ایمبولینسوں کے ڈرائیوروں کیلئے عیدگفٹ تقسیم کرناایک احسن اقدام ہے ۔یہ بات سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حکومت بلوچستان صالح محمد ناصر، کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدرو سینئر صحافی رضا الرحمنٰ ، سول ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹرارباب کامران کاسی ،خدمت خلق فاونڈیشن کے چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے خدمت خلق فاونڈیشن کی جانب سے سول ہسپتال کوئٹہ میں چھیا اور ایدھی ایمبولینسوں کے ڈرائیوروں میں عید گفٹ تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کہی۔مقررین نے چھیپا اور ایدھی ایمبولینسوں کے ڈرائیوروں کو انکی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرنٹ لائن ورکرز ہیں جنہوں نے بم دھماکوں اور حادثاث میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو بروقت ہسپتالوں تک پہنچایا اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانون کے نذرانے بھی پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ،میڈیا اور ہیلتھ کے شعبے سے وابستہ افراد فرنٹ مین کا کردار ادا کرتے ہیں ۔کورونا وائرس کی وباء کے دوران بھی وہ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر عوام کی خدمت میں دن رات مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق فاونڈیشن گزشتہ 30سال سے غربت ،مستحق،بیواوں اور یتیموں کی بلا رنگ و نسل خدمت میں مصروف ہے۔ گزشتہ سالوںکی طرح امسال بھی رمضان المبارک کے دوران خدمت خلق فاونڈیشن غربت اور مستحق افراد میں راشن ، کپڑے اوردیگر سامان تقسیم کرر ہی ہے ۔اس موقع پر خدمت خلق فاونڈیشن کے چیئرمین نعمت ظہیر نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی صوبے میں عوام کیلئے فری ایمبولینس سروس شروع کریں گے۔ اس موقع پرسیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حکومت بلوچستان صالح محمد ناصر، کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدرو سینئر صحافی رضا الرحمن ، سول ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹرارباب کامران کاسی ،خدمت خلق فاونڈیشن کے چیئرمین نعمت اللہ ظہیرنے چھیپا اور ایدھی کے ایمبولینس ڈرائیوروں میں عید کیلئے کپڑے تقسیم کئے جبکہ سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ صالح محمد ناصرنے اپنی طرف سے چھیپا اورایدھی ایمبولینسوں کے ڈرائیوروں کیلئے فی کس ایک ایک ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔