بومن ایرانی کو میرے لطیفے سمجھ میں نہیں آتے، ارشد وارثی

May 05, 2021

بالی ووڈ کی کئی معرکۃ آرا فلموں میں اہم کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار بومن ایرانی اور مشہور اداکار ارشد وارثی آپس میں گہرے اور پرانے دوست ہونے کے ساتھ ساتھ کئی فلموں میں اکٹھے کام بھی کرچکے ہیں جن میں باکس آفس پر ہٹ منا بھائی ایم بی بی ایس، دھن دھنا دھن گول اور جولی ایل ایل بی شامل ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بومن ایرانی نے ارشد وارثی کو چھیڑنے کے لیے کہا کہ ارشد ان کے مہذبانہ لطیفوں پر بھی ایسے ہنستے ہیں کہ انھیں روکنے کے لیے ان کے منہ میں گندی جرابیں ڈال دینا چاہیے۔ جبکہ ارشد کا کہنا تھا کہ جتنی ان کی تذلیل بومن ایرانی نے کی اتنی کسی اور نے نہیں کی۔

واضح رہے کہ ارشد وارثی اور بومن ایرانی امیزون پرائم ویڈیو کے ایل او ایل ہنسے تو پھنسے شو کے شریک میزبان ہونگے، اس شو میں دس کامیڈینز شامل ہونگے اور وہ بغیر ہنسے چھ گھنٹے اکٹھے گزاریں گے اس دوران وہ مقابلے کے دیگر شرکا کو ہنسانے کی کوشش کرینگے۔

بالی ووڈ ببل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بومن ایرانی نے کہا کہ وہ ارشد کے لطیفوں پر باآسانی ہنس دیتے ہیں اسکی وجہ یہ ہے کہ یہ بہت نرم گو ہیں، جس پر ارشد وارثی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دیگر لوگ میرے لطیفوں پر اس لیے ہنستے ہیں کیونکہ یہ بہت اچھے ہوتے ہیں، جس دن بومن کو میرے جوکس سمجھ میں آئیں گے تو یہ بھی ہنسنے لگیں گے۔