مالی سال کے نو ماہ ، 1273 ارب روپے بیرونی قرضہ لیا گیا، وزارت خزانہ

May 07, 2021

اسلام آباد( رپورٹ ، تنویر ہاشمی ) رواں مالی سال21- 2020کے پہلے نو ماہ ( جولائی تا مارچ) کے دوران پاکستان کا مالی خسارہ 1652ارب روپےکے ساتھ 3.65فیصد رہا ، پاکستان نےنوماہ 1273ارب روپے بیرونی قرضہ لیا ، 711ارب روپے کے قرضے کی واپس ادائیگی کی اس طرح نیٹ بیرونی قرضہ 562ارب روپے ہے، مقامی طور پر 1089ارب روپے کا قرضہ لیا گیا ، وزارت خزانہ کی جاری مالیاتی رپورٹ کے مطابق نوماہ میں ملک کے مجموعی اخراجات کا حجم 6644ارب روپے ہے ، کرنٹ اخراجات کا حجم 6085ارب روپے رہے ،قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد 2103ارب روپے ادا کیے گئے ، دفاعی امورکےاخراجات 783ارب روپے ہوئے، رپورٹ کےمطابق وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت 653ارب روپے جاری ہوئے ، قرضوں کی تفصیلات کے مطابق مجموعی بیرونی قرضےمیں پروجیکٹ امداد کی مد میں 156ارب روپے ، پروگرام قرضے 769ارب روپے ، گرانٹس24ارب روپے ، پی ایس ڈی پی کے علاوہ پروجیکٹ قرضے 8ارب روپے اور دیگر قرضے 314ارب روپے لیے گئے ، اندرونی قرضوں میں نان بنکنگ سے292ارب روپے قرضہ لیا گیا اور بنکوں سے 797ارب روپے کا قرضہ لیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق نو ماہ میں حکومت نےمجموعی طورپر 4992ارب روپے جی ڈی پی کا 11فیصد ریونیو جمع کیا ۔ ٹیکس ریونیو 3765ارب روپے ، وفاقی ٹیکس ریونیو 3394ارب روپے اور صوبائی ٹیکس ریونیو 370ارب روپے جمع ہو ا، ایف بی آر نے وفاقی ٹیکسوں کی مد میں1246ارب روپے ، عالمی تجارت پر 541ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا گیا ، سیلز ٹیکس 1415ارب روپے اور191ارب روپے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جمع کی گئی ،نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 1165ارب روپے جمع ہوئے وفاق کی جانب سے صوبوں کو 1985ارب روپے منتقل کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب کو 1190ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا جس میں سے 973ارب روپے وفاق سے ملے اور168ارب روپے ٹیکسوں کی مد میں جمع کیے گئے۔