کنگنا رناوت بھی کورونا کا شکار

May 08, 2021

بھارت کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت بھی عالمگیر وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔

اداکارہ کا ماننا ہے کہ یہ ایک عام نزلہ کھانسی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، ہم نے اس کی زیادہ تشہیر کر کے نفسیاتی مسئلہ بنا دیا ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں مداحوں کو بتایا کہ ’میں پچھلے کچھ دنوں سے اپنی آنکھوں میں ہلکی سی جلن کے ساتھ جسم میں تھکن محسوس کررہی تھی، ہماچل پہنچنے کے بعد میں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آگیا ہے۔‘


انہوں نے بتایا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، لیکن انہیں یہ اندازہ بالکل نہیں تھا کہ کورونا وائرس ان کے جسم میں پارٹی کررہا ہوگا۔

اداکارہ نے لکھا کہ ’میں اسے جلد شکست دے دوں گی، براہِ کرم کسی کو خود پر حکمرانی کرنے نہ دیں، آپ جس چیز سے جتنا ڈریں گے وہ آپ کو اتنا ہی ڈرائے گی۔‘

واضح رہے کہ بھارت میں ایک دن میں کورونا سے ریکارڈ 4 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں، بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران 4187 اموات،4 لاکھ1 ہزار78 کیس رپورٹ ہوئے ۔

بھارت کی جنوبی ریاستوں اوردیہاتوں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، مئی کے ابتدائی7 دنوں ہی میں بنگلور میں اموات کی تعداد 950 سے زائد ہوگئی۔