• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا کو پاکستان کا نام استعمال کرنا مہنگا پڑگیا

بھارت کی متنازعہ اداکارہ کنگنا رناوت کو اپنے سوشل میڈیا پیغام  میں  پاکستان کا نام استعمال کرنا مہنگا پڑ گیا۔

سوشل میڈیا پر فعال کنگنا نے ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی اپنے گھر میں کارروائی کی کچھ تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کیں اور ساتھ ہی اداکارہ نے اس کارروائی کو جمہوریت کی موت قرار دیتے ہوئے پاکستان کا نام استعمال کیا۔

خیال رہے کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اداکارہ کنگنا رناوت کے گھر میں قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا گیا اور گھر میں قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیا گیا۔ اداکارہ کے مطابق گھر میں قائم آفس کو اس کارروائی مین شدید نقصان پہنچا ہے۔

یہاں یہ بات سوچنے والی ہے کہ کنگنا کے گھر کے توڑ پھوڑ کا پاکستان اور جمہوریت کی موت سے کیا تعلق ہے، تو اداکارہ نے یہ غلط فہمی اپنے دوسرے ٹوئٹ میں دور کی۔

کنگنا نے تصویریں شیئر کرتے ہوئے ممبئی کا موازنہ ’پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر‘ سے کیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ ’میں کبھی غلط نہیں ہوتی اور میرے دشمنوں نے بار بار یہ ثابت کیا لہذا میرا ممبئی اب ’پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر‘ جیسا ہے۔‘

اس ٹویٹ سے پہلے کنگنا نے ہیش ٹیگ ’ڈیتھ آف ڈیموکریسی‘ کا استعمال کرتے ہوئے چار تصاویر ’بابر اور ان کی فوج‘ کے عنوان کے ساتھ شیئر کیں۔

کنگنا کی جانب سے  شیئر کی جانے والی تصاویر میں بھارتی پولیس کے اہلکار، توڑ پھوڑ کرنے والے اوزاروں اور کارکنان کے ہمراہ کسی گھر کے باہر کھڑے ہیں۔

بھارتی اداکارہ کو اس ٹوئٹ پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے جہاں آڑے ہاتھوں لیا وہیں پاکستانی کامیڈین اداکار یاسر حسین نے بھی اداکارہ کو کرارا جواب دے ڈالا۔

یاسر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کنگنا کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ اگر آپ پاکستان میں آفس کھولتی تو کبھی ایسا نہیں ہوتا، یہ بھارت ہی ہےجہاں یہ سب ہورہا ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’کنگنا کیا آپ کو اندازہ ہوا کہ ممبئی میں بھارتیوں کے ساتھ یہ سلوک ہورہا ہے تو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کیا سلوک کیا جارہا ہوگا۔‘

تازہ ترین