پولیو صورتحال میں بہتری، چاروں صوبوں کے سیوریج کا پانی وائرس سے پاک

May 10, 2021

اسلام آباد(بلال عباسی) ملک کے سیوریج کے پانی سے پولیو وائرس تیزی سے غائب ہونے لگا ہے اور چاروں صوبوں کے سیوریج کا پانی پولیو وائرس سے پاک نکلا ہے، ملک بھرمیں 60 سے زائد مقامات کے گٹر کے پانی کا ٹیسٹ کیا گیا،کسی بھی شہر کے پانی میں پولیو کی تصدیق نہیں ہوئی ، ذرائع کے مطابق ملک کے 60 سے زائد مقامات کے گٹر کے پانی کا پولیو ٹیسٹ کیا گیا تھا، جانچ کے دوران کسی بھی شہر کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی، پولیوٹیسٹ کیلئےگٹر سے نمونے 8 تا 23 اپریل کو لئے گئے تھے جن علاقوں سے نمونے حاصل کئےگئے تھے ان میں مچھر کالونی، خمیسو گوٹھ کراچی، سکھر ، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، ڈی جی خان کے علاقے شامل ہیں، ذرائع کے مطابق لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، لورالائی، پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ اور بنوں کے گٹروں کے نمونے بھی پولیو وائرس سے پاک نکلے،کورونا کی پہلی لہر کے بعد پولیو کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، پہلی لہر کے بعد ملک میں بھرپور انسداد پولیو مہم چلائی گئی اور ملک کے دور دراز علاقوں میں روٹین ایمونائزیشن پر خصوصی توجہ دی گئی، ذرائع کے مطابق روٹین ایمونائزیشن میں بہتری سے انسداد پولیو مہم کے نتائج مثبت آئے ۔