عمران خان پوری دنیا میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں، بلاول

May 10, 2021


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کبھی قرض نہ لینے کا اعلان کرنے والے عمران خان پوری دنیا میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں، انہوں نے وزیراعظم سے سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر کے قرضے کی واپسی کی وجوہات عوام کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کر دیا۔

بلاول بھٹو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ المیہ یہ ہے کہ سعودی ارب کو تین ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے چین سے قرضہ لیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ وزیراعظم صاحب! بے شک آپ کو چندے مانگنے کا وسیع تجربہ ہے مگر چندوں پر ملک نہیں چلتے، حکومت کی انہی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پونے 2 لاکھ روپے قرضے کے بوجھ تلے دبا ہر پاکستانی عمران خان کی نااہلی کی قیمت ادا کررہا ہے، قرضہ لے کر اگر یونہی کرپشن میں اڑایا جاتا رہے گا تو عام آدمی مہنگائی کی چکی میں اسی طرح پِستا رہے گا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان بنی گالہ کے محل سے باہر نکلیں تو انہیں علم ہو کہ عام آدمی عید کی تیاری کیلئے بھی معاشی لحاظ سے پریشان ہے، ہر انسان عمران خان کی تبدیلی کے سونامی کی ایک خوف ناک قیمت ادا کررہا ہے۔

حکومت میں اتنی بھی سکت نہیں کہ گردشی قرضوں کے بحران کی وجہ سے چینی حکومت کو سی پیک کے اربوں روپے کے واجبات ادا کرسکے، ایم ایل ون ریلوے ٹریک کیلئے 6 ارب ڈالر کے فنڈز جاری کرنے میں چینی حکومت کی ہچکچاہٹ دراصل پی ٹی آئی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیاں پی ٹی آئی حکومت پر اپنے عدم اعتماد سے چینی حکومت کو بھی آگاہ کرچکی ہیں، غیر ملکی سرمایہ دار اور حکومتیں عمران خان کی نااہل حکومت کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری سے جھجک رہی ہیں۔