عالمی برادری معصوم فلسطینیوں پر مظالم بند کروانے میں کردار ادا کرے، دفتر خارجہ

May 11, 2021

پاکستان نے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینیوں پر مظالم بند کروانے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت متعدد معصوم فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسجد الاقصیٰ میں اور اس کے باہر حملوں کے بعد اب ماہِ مقدس میں یہ ایک اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری معصوم فلسطینیوں پر مظالم بند کروانے میں کردار ادا کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے آزاد، خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔