سانحہ 12 مئی کے ذمہ داروں کو آج تک سزا نہیں ملی، زاہد خان

May 11, 2021

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ترجمان زاہد خان کا کہنا ہے کہ 12 مئی 2007 کو کراچی میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، ذمہ داروں کو آج تک سزا نہیں ملی۔

ترجمان اے این پی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس وقت کے آمر نے مکا دکھا کر کراچی کی عوام کا خون سڑکوں پر بہایا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ بدقسمتی سے اس ریاست میں سزا اور جزا کے قانون کا کبھی اطلاق ہی نہیں ہوا۔

زاہد خان کا کہنا تھا کہ آج بھی وہ لوگ دندناتے پھر رہے ہیں جنہوں نے کراچی میں قتل عام کیا تھا۔

رہنما اے این پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس ناانصافی کا ازالہ نہ ہوا تو یہ ملک کے لیے بہت تباہ کن ثابت ہوگا۔