حکومت عید سے قبل 2دن کاروبار کھولنے کی اجازت دے،کراچی چیمبر

May 12, 2021

کراچی(اے پی پی)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سندھ حکومت سے اپیل کہ ہے کہ وہ پریشان حال دکانداروں اور چھوٹے تاجروں پر رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عید سے قبل آخری 2 دن افطار سے سحری تک ہر قسم کے کاروبار کو کھولنے کی اجازت دے ۔ منگل کو جاری کردہ پریس ریلیز میں چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ کراچی کے دکانداروں کو کم از کم بدھ اور جمعرات کو افطار سے سحری تک کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کی گنجائش موجود ہے جسے نہ صرف چھوٹے تاجر و دکاندار سراہیں گے ۔زبیر موتی والا نے کہا کہ شہر بھر کی تمام کمرشل مارکیٹوں کی جانب سے کراچی چیمبر پرشدید دباؤ ہے کہ جیسا کہ کے سی سی آئی کراچی کی پوری تاجر وصنعتکار برادری کا سب سے بڑا اور حقیقی نمائندہ ہے لہٰذاآخری دو دن افطار سے سحری تک تمام دکانوں کو کھولنے کی اجازت کے لیے کراچی چیمبر کو سندھ حکومت کو قائل کرنا ہی ہوگا۔