سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے عید الفطر کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا

May 12, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے عید الفطر کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ماضی کی طرح امسال بھی چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے ایک منظم ٹریفک پلان کو تشکیل دیا ہے جس کے تحت پشاور میں ٹریفک کنٹرول کرنے اور ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے 3 ایس پیزʼ 10 ڈی ایس پیز، 13 انسپکٹرز سمیت 1089 وارڈنز ڈیوٹی انجام دینگے اسی طرح شہر کے مختلف سیکٹروں میں 54 رائیڈرز اور 18 فورک لفٹرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جو شہر میں ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے اور رش کو کنٹرول کرنے کیلئے موقع پر صلاحیتیں بروئے کارلائے گی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور عید الفطر کے موقع پر ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے تمام تر سہولیات صلاحیتیں بروئے کار لائے گی تاہم شہری بھی غلط پارکنگ اور ٹریفک نظام میں خلل ڈالنے سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو عید الفطر کے موقع پر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہری عید الفطر کے موقع پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور ان کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک کنٹرول کرنے سمیت کورونا وائرس کے باعث ہجوم والی جگہوں پر خاص نظر رکھیں اور وہاں پر شہریوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے اور کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی بھی دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے سمیت کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاو¿ن کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں اور اس سلسلے میں منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا گیا ہے جس پر ہر صورت میں عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ عید الفطر کے موقع پر ٹریفک نظام کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے عوام کو جہاں کہیں بھی مشکلات درپیش ہوں گی سٹی ٹریفک پولیس پشاور وہاں پر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔