سندھ میں 13سال سے حکومت، غریبوں کی حالت زار بہتر نہ ہوسکی، فرخ حبیب

May 13, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول صاحب آپ کی صرف ایک ہی قابلیت سامنے آئی ہے وہ پر چی (وصیت )پر چیئرمین بننا مگر پچھلے 13 سال سے مسلسل صوبائی حکومت ہونے کے باوجود سندھ کے غریبوں کی حالت زار بہتر نہ کرسکے،سندھ حکومت کی آشیرباد سے نیب میں پلی بارگین کرنیوالے افسران تا حال اعلی عہدوں پر فائز ہیں ، بلاول صاحب ‘ آپ اور آپ کی سندھ حکومت کہاں ہے۔یہ بتانا پسند کریں گے کہ کراچی،لاڑکانہ ،سکھر اور حیدر آباد سمیت پورے سندھ کے عوام کو مافیا ، گرانفرشوں کے ہاتھوں کتنے میں فروخت کیا ۔بدھ کو اپنے بیان میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ کے حکمران میٹھی نیند سوتے رہے اور رمضان کے مہینہ میں بھی سندھ کے عوام مہنگائی کی چکی میں پستے رہے ۔