شہباز شریف کو باہر جانے سے روک کر حکومت نے توہین عدالت کی، قمر کائرہ

May 13, 2021

گجرات (نمائندہ جنگ)پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف واقعی ہی بیمار ہیں ان کو علاج کیلئے باہر جانے دینا چاہیے تھا حکومت نے شہباز شریف کو باہر جانے سے روک کر توہین عدالت کی ہے ،وزیر اعظم مخالفوں کی پگڑیاں اچھالنے کے سوا کوئی کام نہیں کررہے،اسمبلیاں توڑنے کی بات حکومتی گھبراہٹ کو ظاہر کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں پیپلزپارٹی کے تنظیمی اجلاس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں آئین اوجمہوریت کی بحالی چاہتی ہے کیونکہ جمہوریت ایک بہترین انتقام ہوتا ہے انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں ڈسکہ اور وزیرآباد کے الیکشن میں ہم نے مسلم لیگ ن کے حق میں اپنے امیدواروں کو کھڑا نہیں کیا کیونکہ یہ ن لیگ کی سیٹیں تھیں جبکہ خوشاب میں غلطی کی وجہ سے ہم اپنا امیدوار ن لیگ کے حق میں دستبردار نہیں کروا سکے کراچی کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کا امیدوار جیتا تو اس کو ڈیل کہا جا رہا ہے جب پیپلزپارٹی ہار جائے تو پھر سب ٹھیک ہوتا ہے انہوں نے کہاکہ میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتیں ہو جائیں تو کیا یہ ڈیل نہیں ہے۔