اسلام آباد ہائی کورٹ،پولیس کو مطلوب تین افراد کی حفاظتی ضمانت

May 13, 2021

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تھانہ چونترہ پولیس کو مطلوب شعیب الرحمن ، نعیم اعجا ز اور وسیم اعجاز کی 20 ، 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 17 مئی تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ ناکامی کی صورت میں حفاظتی ضمانت منسوخ ہو جائے گی۔ شعیب الرحمن ، نعیم اعجا ز اور وسیم اعجاز کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل فہد بن صداقت اور تینوں شہری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ فہد بن صداقت ایڈووکیٹ نے کہا کہ درخواست گزاروں کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے۔ تینوں درخواست گزار اسلام آباد کے رہائشی ہیں اور پولیس انہیں متعلقہ عدالت تک رسائی کی اجازت نہیں دے رہی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزاروں کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تا کہ وہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔اس پر عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کر دئیے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو متعلقہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہو کر شامل تفتیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔