مون سون کے آتے ہی نزلہ، زکام، گلے کی خراش، بدہضمی اور موسمی انفیکشنز کے خطرات بڑھ جاتے ہیں جس کی وجہ سے گرم مشروبات جیسے مسالہ چائے، ادرک کی چائے اور قہوہ زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔
غذائی ماہرین کے مطابق یہ تینوں مشروبات مختلف طبی فوائد رکھتے ہیں تاہم ان کا انتخاب علامات اور ضرورت کے مطابق کرنا چاہیے۔
مسالہ چائے چائے کی پتی، الائچی، سونف، دار چینی، لونگ اور دودھ سے تیار کی جاتی ہے۔
اس میں موجود مسالے جسم کو گرم رکھنے، ہاضمہ بہتر بنانے اور قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس موسمی بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔
مسالہ چائے میں کیفین موجود ہوتی ہے، اس لیے اس کا استعمال اعتدال میں کرنا چاہیے۔
زیادہ چینی کے استعمال سے بھی گریز کریں، زیادہ شکر شامل کرنے سے خون میں شوگر کی سطح بڑھ سکتی ہے۔
ادرک کی چائے میں تازہ ادرک شامل کی جاتی ہے، اسے صرف پانی یا دودھ والی چائے میں بھی پکا کر پیا جا سکتا ہے، ادرک کی چائے میں موجود قدرتی جز ’جنجرول‘ ہاضمہ بہتر بنانے، متلی کم کرنے، سوزش گھٹانے اور گلے کو آرام پہنچانے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ادرک کی چائے نزلہ، زکام، اپھارہ اور بدہضمی کی علامات میں بھی فائدہ پہنچا سکتی ہے اور سانس کی نالی میں ہونے والی تکلیف کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
قہوہ عام طور پر ادرک، دارچینی، کالی مرچ، لونگ اور بعض اوقات مُلٹھی سے تیار کیا جاتا ہے۔
یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور مشروب ہے جو گلے کی خراش میں آرام پہنچانے اور قوتِ مدافعت کو سہارا دینے میں مددگار سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قہوہ سانس کے نظام کو صحت مند بناتا ہے تاہم یہ کسی انفیکشن کا مکمل علاج نہیں بلکہ صرف علامات میں آرام پہنچانے والا مشروب ہے۔
گلے میں خراش ہو تو تھوڑی مقدار میں قہوہ مفید ہو سکتا ہے۔
اپھارہ یا بدہضمی کی صورت میں ادرک کی چائے بہتر انتخاب ہے۔
فوری توانائی درکار ہو تو مسالہ چائے موزوں ہے۔
نزلہ یا زکام کی علامات میں قہوہ یا ادرک کی چائے دونوں فائدہ دے سکتی ہیں۔
مسالہ چائے اور ادرک کی چائے مناسب مقدار میں روزانہ پی جا سکتی ہے تاہم چینی اور ادرک کی مقدار پر نظر رکھنا ضروری ہے۔
قہوہ ضرورت کے مطابق یا موسم کے تقاضے کے تحت استعمال کرنا بہتر سمجھا جاتا ہے کیونکہ قہوے کی زیادہ مقدار معدے میں جلن پیدا کر سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تیزابیت کے مریض اور خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرنے والے افراد قہوہ زیادہ مقدار میں نہ پیئیں۔
کیفین سے حساس افراد مسالہ چائے محدود مقدار میں استعمال کریں۔
بے خوابی کے شکار افراد مسالہ چائے سے پرہیز کریں۔
ماہرین کے مطابق بارش کے موسم میں مسالہ چائے، ادرک کی چائے اور قہوہ تینوں مفید مشروبات ہیں لیکن ان کا استعمال اپنی صحت، علامات اور جسمانی ضرورت کے مطابق اعتدال میں رہ کر کریں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔