آرمی چیف کی کنٹرول لائن پر جوانوں کیساتھ نمازِ عید کی ادائیگی

May 13, 2021


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے فرنٹ لائن پر موجود جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی۔

کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ایل او سی پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر ملک میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔

آرمی چیف نے جوانوں کی لگن، جذبے اور پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہا، انہوں نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کو بھی سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر اقدام کرے گی۔

آرمی چیف نے ملک کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی سیکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمے داری ہے۔

انہوں نےکہا کہ عید پر کشمیر میں جدوجہد کرنے والے بہادر کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیئے، وقت آگیا ہے کہ کشمیر میں انسانی المیے کو اب ختم کیا جائے۔

آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی مرضی اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔