حرا اور مانی کی ’اچانک عید‘ کیسی گزری؟

May 14, 2021

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے جمعرات کے روز عید ہونے کا اچانک اعلان کیا تھا جس کے بعد لوگوں کو جلدی جلدی عید کی تیاریاں کرنے میں مشکل کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔

اسی حوالے سے پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور جوڑی حرا اور مانی نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو بتایا ہے کہ انکی اچانک سے ہونے والی عید کیسے گزری۔

اداکارہ حرا مانی نے اپنےانسٹا اسٹوری پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کرکے بتایا کہ انہوں نے ـ' اچانک عید ـ' کیسے منائی۔ اس ویڈیو میں حرا اور مانی اپنے گھر کے کچن میں موجود ہیں۔

ویڈیو کے آغاز میں حرا مانی کے شوہر و اداکار مانی سے سوال کیاجا تا ہے کہ ’مانی بھائی کیسی گزری آپ کی اچانک عید؟‘

سوال کے جواب میں مانی نے حرا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اچانک عید جن کی ہوئی ان سے پوچھیں کہ کیسی گزری۔‘

جس پر حرا مانی جواب دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’یار مجھے ٹینشن ہورہی ہے کہ میں نے زیادہ گوشت ڈال دیا ہے اور چاول کم ہیں۔‘

حرانے بتایا کہ ’ میں نے پانچ گلاس چاولوں میں تین کلو گوشت ڈال دیا ہے تو چاول کم ہیں اور گوشت زیادہ ہو گیا ہے۔‘

اس پر مانی حرا کو مسئلے کا حل بتاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’تم اب اس میں چاول اور ڈال دو‘

یہ سن کر حرا جواب دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’ایسے کیسے ابھی پانی، چاول اور گوشت سب ایک ساتھ ڈال دوں ، پلاؤ بہت باریکی چیزوں کا نام ہے۔ ‘

ویڈیو کے اختتام پر حرا مانی کے بیک وقت اچھی ماں اور اچھی اداکارہ ہونے کی تعریف بھی کی جاتی ہے ۔

خیال رہے کہ حرا مانی نے 2008 میں اداکار سلمان ثاقب شیخ عرف مانی سے شادی کی تھی اور ابھی اس خوبصورت جوڑی کےدو بیٹےبھی ہیں مزمل اور ابراہیم ۔