انکل سرگم میرے خوبصورت بچپن کا حصہ تھے: فخرِ عالم

May 15, 2021

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مشہور اداکار و گلوکار فخرِ عالم نے معروف مزاح نگار اور انکل سرگم کے کردار کے خالق فاروق قیصر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکل سرگم اُن کے خوبصورت بچپن کا حصہ تھے۔

گلوکار فخرِ عالم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انکل سرگم کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’فاروق قیصر صاحب کے انتقال کی خبر سُن کر بہت افسوس ہوا۔‘

فخرِ عالم نے ماضی کے خوبصورت دنوں کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’انکل سرگم میرے بچپن کا حصہ تھے۔‘

اُنہوں نے فاروق قیصر کے لیے دُعائے مغفرت کی اور اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’انکل سرگم! مسکراہٹوں کے لیے آپ کا شکریہ۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز معروف مزاح نگار اور انکل سرگم جیسے پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ انہوں نے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔

فاروق قیصر کے نواسے حسنین قیصر کا کہنا ہے کہ نانا کافی عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے، طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لے جانے کیلئے ایمبولینس بلائی مگر ان کا پہلے ہی انتقال ہوگیا۔