عدنان صدیقی مظلوم فلسطینی بچی کی فریاد سن کر آبدیدہ

May 19, 2021

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) اداکار عدنان صدیقی مظلوم فلسطینی بچی کی فریاد سن کر آبدیدہ ہوگئے اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر دنیا کی خاموشی پر چلا اٹھے۔ انہوں نے غزہ میں جاری بمباری سے خوفزدہ ایک فلسطینی بچی کی ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں بچی ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دے رہی ہے اور اس کے پس منظر میں اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی املاک نہایت خوفناک منظر پیش کررہی ہیں۔ بچی کہتی ہوئی نظر آرہی ہے کہ وہ ابھی صرف دس سال کی ہے اور ڈاکٹر بننا چاہتی ہے لیکن اسے سمجھ نہیں آرہا کہ وہ فلسطین کی موجودہ صورتحال میں کیا کرے۔عدنان صدیقی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جب اس نے کہا میں صرف بچی ہوں،اس جملے سے میرے اندر کچھ مرگیا۔ یہ بچی اس خوفزدہ اور آنسوؤں بھرے ماحول میں بڑھنے کی مستحق نہیں ہے۔ یہ صدمے کی کیفیت میں ہے، اس کی آنکھیں سب کچھ بول رہی ہیں۔عدنان صدیقی نے مزید لکھا اس میں تعجب کی بات نہیں کہ یہ بڑی ہوکر ڈاکٹر بننا چاہتی ہے کیونکہ شاید اس کی نظر میں یہی وہ واحد راستہ ہے جس سے وہ اپنے لوگوں کی مدد کرسکتی ہے۔ عدنان صدیقی نے اقوام متحدہ سے سوال کرتے ہوئے کہا کیوں انسانی حقوق کا چیمپئن اقوام متحدہ خاموش ہے؟ دنیا میں یہ بے حسی کیوں ہے؟ کیا کاروباری مفادات اور ڈپلومیسی ان بچوں کے مستقبل سے زیادہ اہم ہیں؟ آپ کو ان بچوں کا درد محسوس کرنے کے لیے ان کا والدین ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ کو صرف انسان ہونا ضروری ہے۔عدنان صدیقی نے مزید کہا اسرائیل بے رحمی کے ساتھ اپنے ’’دفاع کے حق‘‘ پر زور دیتا ہے جب کہ وہ انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔ گھروں اور عبادت گاہوں پر بمباری کررہا ہے۔