یوٹرن کا نام دیکر اس پر فخر کرنا عمران خان کے مزاج کا حصہ بن چکا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

May 25, 2021

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جھوٹ اور دھوکے کو یوٹرن کا نام دے کر اس پر فخر کرنا عمران خان کے مزاج کا حصہ بن چکا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی پی پی حکومت نے غربت کی کمی کے لیے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، عمران خان نے اس کا نام بدل ڈالا، پاکستان پیپلزپارٹی نے ایک ایسے وقت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا کہ جب دنیا میں معاشی بحران تھا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بتائیں کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کے علاوہ انہوں نے غربت میں کمی کیلئے اب تک کیا کیا؟ عوام کو سب پتہ ہے کہ احساس کفالت پروگرام دراصل بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی غربت میں کمی کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چوری پکڑی جا چکی ہے، عمران خان بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام کچھ بھی رکھ دیں، پاکستان کے عوام سب جانتے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام دراصل شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا ایک آئیڈیا تھا جسے پی پی پی حکومت نے عملی جامہ پہنایا، پاکستان پیپلزپارٹی نے ایک بڑے سماجی بہبود کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو شروع کرکے دنیا میں ایک مثال قائم کی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج عالمی ادارے پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کی جانب سے شروع ہونے والے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اہمیت کا اعتراف کر رہے ہیں، سپریم کورٹ میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کے اعتراف کے باوجود احساس پروگرام کو نیا منصوبہ قرار دینا عوام سے دھوکا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب! منصوبوں، اداروں اور عمارتوں کے نام بدلنے سے آپ عوام کے دلوں سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا نام نہیں مٹاسکتے، پی پی پی نے عمران خان کے معاشی سونامی کے دوران سندھ کی لاکھوں دیہی خواتین کو فنی تربیت دی تا کہ وہ خود کفیل ہو سکیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں پی پی پی حکومت نے عمران خان کی مسلط کردہ مہنگائی کی ستائی لاکھوں دیہی خواتین کو کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرضے دیئے، پی پی پی کی سندھ حکومت نے اپنے عوام دوست اقدامات سے صوبے کی فی کس آمدنی کو ملک بھر میں سب سے زیادہ کر دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں غربت کی شرح میں غیرمعمولی 7.6 فیصد کی کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ڈلیور کر کے دکھایا ہے۔