مشتاق رئیسانی کو 10 سال قید کی سزا

May 25, 2021


کوئٹہ کی احتساب عدالت نے بلوچستان کے سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو 10 سال قید کی سزا سنادی۔

کوئٹہ کی احتساب عدالت نے بلوچستان میگا کرپشن کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

عدالت کی جانب سے سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو 10سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ مشتاق رئیسانی کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

احتساب عدالت کوئٹہ نے میگا کرپشن کیس میں سابق مشیرِ خزانہ خالد لانگو کو 2 سال 2 ماہ قید کی سزا سنا دی جبکہ سابق سیکریٹری بلدیات عبدالباسط اور سابق سیکریٹری لوکل کونسل فیصل جمال کو بری کر دیا۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ میر خالد لانگو کی سزا ان کے ٹرائل کے دوران گرفتاری کے وقت سے شروع ہو گی۔

واضح رہے کہ سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو میگا کرپشن کیس میں 6 مئی 2016ء کو گرفتار کیا گیا تھا، ان کے گھر سے 64 کروڑ روپے سے زائد کی نقدی اور زیورات ملے تھے۔

اسی کیس میں گرفتار ٹھیکیدار سہیل مجید اور اس کے بھائی کو پلی بارگین کے بعد رہا کر دیا گیا تھا۔