کراچی: بھتہ خور، منشیات فروش گروہ کے انتہائی مطلوب 5 ملزمان گرفتار

May 28, 2021

پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث گروہ کے انتہائی مطلوب 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں ارسلان عرف مٹھو عرف سندھی، محمد بلال عرف بلو، اویس عرف پٹھان، ضمیر اور محمد حمزہ شامل ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں بھتہ خوری، منشیات فروشی، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور موبائل فون چھیننے کی 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات بھی بر آمد کرلی گئی ہے۔

دورانِ تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ پرانا گولیمار میں بدنام منشیات فروش کاشف ڈاڈا کے منشیات کے اڈے پر کام کرتے رہے ہیں۔

کاشف ڈاڈا بیرونِ ملک سے واٹس ایپ پر بھتے کی کال کرتا ہے جس پر ملزمان پرانا گولیمار کے علاقے میں واقع ماربل مارکیٹ، گیراج، ہوٹلوں، دکانوں، گٹکے کا کاروبار کرنے والے تاجروں اور لوہے کا فرنیچر بنانے والوں سے ماہانہ 10 سے 15 ہزار روپے فی دکان بھتہ وصول کرتے ہیں۔

ملزمان مخالف منشیات فروش گروہ کے کارندوں پر فائرنگ کر کے انہیں زخمی اور قتل کرنے میں بھی ملوث ہیں۔