جب صبا قمر نے عرفان خان سے عیدی لی

May 31, 2021

پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں بھارت کے لیجنڈری اداکار عرفان خان سے عیدی لینے کا قصہ سُنایا اور بتایا کہ ان کا دیا عیدی کا نوٹ آج بھی ان کے پاس ہے۔


انہوں نے واسع چوہدری کے شو میں شرکت کی جہاں اداکارہ کو ان کی 2016 کی ایک انسٹاگرام پوسٹ دکھائی گئی جس میں وہ بھارتی روپے پکڑی نظر آرہی ہیں اور ان کے ساتھ عرفان خان بھی موجود ہیں۔

پوسٹ میں صبا قمر نے یہ تو بتایا تھا کہ یہ ان کی زندگی کی بہترین عیدی ہے جو انہیں فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیٹ پر ملی ہے۔

اب حال ہی میں اداکارہ نے اس راز کو فاش کرتے ہوئے بتایا کہ ’میری زندگی کی پہلی عید گھر سے باہر گزری جب میں دہلی میں ’ہندی میڈیم‘ کی شُوٹ پر تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ’عید پر سیٹ پر میں نے عرفان خان سے کہا کہ عیدی چاہیے مجھے، جس پر انہوں نے مجھے جو نوٹ دیا وہ آج بھی میرے پاس موجود ہے۔‘


صبا قمر نے بتایا کہ عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ نہایت خوشگوار رہا، ان سے بہت کچھ سیکھا۔

صبا قمر نے بتایا کہ میں بچپن سے ہی عرفان خان کی ایک بہت بڑی مداح تھی، کئی مرتبہ اس خواہش کا اظہار بھی کیا تھا کہ میں عرفان خان کے ساتھ کام کرنا چاہوں گی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں خود کا خوش قسمت تصور کرتی ہوں کہ میری یہ خواہش پوری ہوئی۔

یاد رہے کہ 2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں صبا قمر نے عرفان خان کے ہمراہ ’میتا‘ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا، اس فلم میں صبا قمر کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

فلم ’ہندی میڈیم‘ صبا قمر کی پہلی بالی ووڈ فلم تھی جس میں عرفان خان نے ان کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا۔