• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان خان نے بہت کچھ سکھایا: صبا قمر

آج صبح انتقال کر جانے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ بطور اداکار عرفان خان نے انہیں بہت کچھ سکھایا ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر صبا قمر نے فلم کی عکسبندی کے دوران لی گئیں تصویریں شیئر کیں اور لکھا کہ عرفان خان کی موت کی خبر کو قبول کرنے سے قاصر ہیں، اس خبر نے انہیں شدید غمزدہ کردیا ہے۔

عرفان خان  کی فلم ’ہندی میڈیم‘


اداکارہ صبا قمر نے لکھا کہ انہیں ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جیسے ہندی میڈیم کی شوٹنگ کرنا کل ہی کی بات ہو، انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک سرپرست کی حیثیت سےعرفان خان نے انہیں بہت کچھ سکھایا۔


صبا قمر نے عرفان خان کی موت کو دنیائے سینما کا بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ایک شاندار ادکار دنیا سے بہت جلدی رخصت ہوگیا، عرفان خان کےجانےسےفلم انڈسٹری کا خلا مدتوں پُر نہ ہوسکے گا ۔

صبا قمر نے عرفان خان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللّہ عرفان خان کے اہل خانہ کو نقصان برداشت کرنےاور صبر کرنے کی توفیق دے۔

یاد رہے کہ 2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں صبا قمر نے عرفان خان کے ہمراہ ’میتا‘ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا، جس میں صبا قمر کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

فلم 'ہندی میڈیم' صبا قمر کی پہلی بالی ووڈ فلم تھی جس میں عرفان خان نے ان کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا۔

عرفان خان کی وفات پر تعزیتی پیغام میں بھی صبا، میتا اور راج کا ذکر کرنا نہ بھولیں۔

Ramadan Recipes # Ramadan Calendar  #Geo Ramadan#

تازہ ترین