ٹرین حادثے میں ہونے والے نقصان کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی، وزیر ریلوےاعظم سواتی

June 07, 2021

وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثہ میں ہونے والے نقصان کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے، حادثے میں 27 اموات کی تصدیق جبکہ 80 مسافرزخمی ہوئے ہیں۔

اعظم خان سواتی نےصوبہ سندھ میں ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے تصادم سے متعلق دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔

اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالی مرحومین کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر خود مانٹرنگ کر وں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہریلوے اور آرمی جوان کی مدد سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، آرمی انجینئرز کی خصوصی ٹیم ریلیف آپریشن کو مزید تیز کرے گی۔

واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے تصادم میں کئی بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 37 مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ایس ایس پی گھوٹکی عمرطفیل کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 افراد کے ابھی بھی بوگیوں کے نیچے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔