فریال تالپور کی نااہلی کیس بحالی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

June 08, 2021

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ، پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس کی بحالی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پہلے فریال تالپور کو نوٹس جاری کیئے جو ان کو ملے، پھر الیکشن کمیشن نے کیس بحال کیا، پھر فریال تالپور نے نظرِثانی دائر کی، ان کو پورا وقت دیا گیا، ان کی نظرِثانی کی درخواست کمیشن کے سامنے خارج ہوئی، انہیں مکمل موقع دیا گیا۔

فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ کمیشن نے مجھے سنا ہی نہیں، آپ آرڈر کر دیں کہ مجھے سن کر فیصلہ کر دیں، میں اس میں تو نہیں جانا چاہتا کہ کون سی اتھارٹی کیا کر رہی ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے یہ بھی کہا کہ میں تو کچھ نہیں کہوں گا کہ حکومتی وزیر کیا بیانات دے رہے ہیں، میں الیکشن کمیشن کے تمام ممبران کی دل سے عزت کرتا ہوں۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے فاروق ایچ نائیک سے کہا کہ آپ اسی فورم پر دوبارہ چلے گئے، اگر ڈائریکٹ یہاں آ جاتے تو صوتِ حال مختلف ہوتی۔

عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایم پی ایز ارسلان تاج اور رابعہ افضل نے فریال تالپور کی نااہلی الیکشن کمیشن میں چیلنج کر رکھی ہے۔