فواد خان کو فرہاد ہمایوں کا کونسا گانا پسند ہے؟

June 10, 2021

پاکستان کے مقبول ترین اداکار فواد خان نے دو روز قبل انتقال کرجانے والے موسیقار و گلوکار فرہاد ہمایوں سےمحبت کا اظہار کرتے ہوئے گلوکار کا ایک یادگار گانا سوشل میڈیا پر شیئر کردیا ہے۔

اداکار فواد خان نے اپنے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکار فرہاد ہمایوں کا گایا ہوا یادگار گانا ’نیمی نیمی‘ شیئر کرکے اُن کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔


فواد خان نے گلوکار فرہاد ہمایوں کے یادگار گانے کو شیئر کرتے ہو ئے لکھا کہ ’ایک راک اسٹار کا یادگار گانا۔‘

اداکار نے مزید لکھا کہ ’وہ یہ گانا فرہاد ہمایوں کی محبت اور یاد میں شیئر کررہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک اسٹوڈیو میں ڈرمر کے فرائض سرانجام دینے والے فرہاد ہمایوں انتقال کرگئے ہیں۔

اہل خانہ کے مطابق فرہاد ہمایوں دماغ کے سرطان میں مبتلا تھے، فرہاد ہمایوں کے والد شہزاد ہمایوں معروف کمنٹیٹر تھے اور والدہ نوید شہزاد معروف اداکارہ اور ڈائریکٹر ہیں۔

پاکستانی میوزک بینڈ اوور لوڈ کے بانی فرہاد ہمایوں کے انتقال کی خبر بینڈ کے تصدیق شدہ فیس بُک پیج پر بھی دی گئی تھی۔