• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برین ٹیومر کے باعث فرہاد ہمایوں کے انتقال پر فنکار برادری غمزدہ

کراچی (آئی این پی) پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک اسٹوڈیو میں ڈرمر کے فرائض سرانجام دینے والے فرہاد ہمایوں انتقال کرگئے۔ میوزک بینڈ اوور لوڈ کے بانی فرہاد ہمایوں کے انتقال کی خبر بینڈ کے تصدیق شدہ فیس بک پیج پر دی گئی۔ بینڈ کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ فرہاد ہمایوں اب ہم میں نہیں رہے۔ پوسٹ میں بتایا گیا کہ حیرت انگیز فرہاد ہمایوں نے بیشمار چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کبھی اقدار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، وہ روحانی اور فنی دونوں لحاظ سے بہت آگے تھے۔پوسٹ میں مداحوں، فیملی اور دوستوں سے ان کی مغفرت کی دعا کی اپیل کی گئی۔فرہاد ہمایوں ماہر تعلیم اور سینئر اداکارہ نوید شہزاد کے بیٹے ہیں۔بینڈ کی جانب سے پوسٹ میں تو موسیقار کی موت کی وجہ کوئی نہیں بتائی گئی تاہم 2018 میں موسیقار نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہیں برین ٹیومر ہوگیا ہے۔ دوسری جانب نوجوان موسیقار فرہاد ہمایوں کی اچانک موت کی خبر نے فنکار برادری کو گہرے دکھ میں مبتلا کردیا۔ فنکار سوشل میڈیا پر پیغامات کے ذریعے ساتھی موسیقار کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔عدنان صدیقی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ فرہاد ہمایوں کی موت کی خبر نے غمزدہ کردیا ہے، ایک باصلاحیت نوجوان قسمت کے ہاتھوں اپنی زندگی کی بازی ہار گیا۔انہوں نے لکھا کہ زندگی بہت نازک ہے، اللہ فرہاد کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔پاکستان کے نامور گلوکار اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد نے فرہاد ہمایوں کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوید اور شہزاد ہمایوں کا بیٹا اب ہم میں نہیں رہا، بلاشبہ وہ ایک باصلاحیت کمپوزر تھے۔فیصل قریشی اور اعجاز اسلم نے بھی فرہاد ہمایوں کی موت پر سوشل میڈیا پر پیغامات شیئر کیے۔

تازہ ترین