بجٹ میں تعلیم کیلئے 91 اعشاریہ 97 ارب مختص

June 11, 2021

وفاقی حکومت نے مالی سال 22-2021ء کے بجٹ میں تعلیم کے شعبے کے لیے 91 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کر دی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے آج پیش کیے گئے بجٹ میں تعلیم، درس و تدریس کے لیے 91 اعشاریہ 97 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویز کے مطابق پرائمری تعلیم اور اس سے قبل کی سرگرمیوں کے لیے 3 اعشاریہ 021 ارب روپے وفاقی بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں۔

حکومت نے بجٹ میں ثانوی تعلیم کے سلسلے میں 7 اعشاریہ 632 ارب روپے، اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں خدمات کیلئے 78 اعشاریہ 195 ارب روپے، تعلیم، اعانتی خدمات کیلئے 31 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے ہیں۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ تعلیمی انتظامیہ کیلئے 1 اعشاریہ 9 ارب روپے جبکہ ان تعلیمی امور و خدمات کے لیے جن کی کہیں اور صراحت نہیں کی گئی ہے 89 کروڑ روپے بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں۔