حکومتی اقدامات سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں ،بی اے پی

June 12, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی خلیل جارج نے کہا ہے کہ حکومت کے اقدامات سے صوبے میں استحکام اور ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں ،آج کا بلوچستان ماضی کے بلوچستان سے مختلف اور ترقی یافتہ ہے، عوام حکومتی اقدامات سے خوش اور وزیراعلیٰ جام کمال خان کے ساتھ ہیں ، اپوزیشن 2023 کے انتخابات تک انتظار کرے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو جام کمال خان لورز کی جانب سے نکالی گئی موٹر سائیکل ریلی کے شرکا سے گرلز کالج کوئٹہ کے قریب خطاب میں کہی۔ قبل ازیں خلیل جارج کی قیادت میں موٹر سائیکل ریلی جناح روڈ سے نکالی گئی جو زرغون روڈ ، حالی روڈ سے ہوتی ہوئی گلستان روڈ پر گرلز کالج کے قریب پہنچی جہاں جلسہ کیا گیا۔ اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی انیتا عرفان بھی موجود تھیں ۔خلیل جارج نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان لگن اور محنت سے دن رات بلوچستان کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بلوچستان کے تمام علاقوں کو یکسر اور پائیدار ترقی دیگی آج ان وعدوں کی تکمیل وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں جاری ہے، صوبے بھر میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں ،سڑکیں ، کھیلوں کے میدان ، تعلیمی ادارے قائم ہورہے ہیں ،قوانین میں اصلاحات لائی گئی ہیں، گورننس کے نظام میں بہتری آئی ہے، صوبے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے گئے ہیں، بلوچستان میں محرومیوں اور مایوسی کا خاتمہ ہورہا ہے، نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور عام آدمی کو مضبوط کیا جائے گا۔ اقلیتی برداری اور عوام کو وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت پر بھر پور اعتماد ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے ہر کام کی اس لئے مخالفت کر رہی ہے کہ اسےمعلوم ہوچکا ہے کہ بلوچستان میں ترقی کی بنیاد وزیراعلیٰ جام کمال خان نے رکھ دی ہے جو جلد ہی ایک پختہ عمارت کی شکل اختیار کرئے گی جس کی وجہ سے اب اپوزیشن حواس باختہ ہوچکی ہے ۔