شکیب الحسن پر تین میچ کی پابندی، 5 لاکھ ٹکہ جرمانہ

June 12, 2021

بنگلادیش کے اسٹار کھلاڑی شکیب الحسن ایک ہی میچ میں دو مرتبہ آن فیلڈ امپائر کے فیصلے پر اپنا غصہ نکالنے کے باجود بڑی پابندی سے بچ گئے۔

وہ ڈھاکا پریمیئر لیگ کے تین میچ نہیں کھیل سکیں گے، جبکہ پانچ لاکھ ٹکہ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

ڈھاکہ پریمیئر لیگ میں شکیب الحسن محمڈن اسپورٹنگ کلب کی نمائندگی کررہے ہیں۔

جمعے کو ابہانی لمیٹڈ کے خلاف میچ کے دوران ایک موقع پر شکیب الحسن کی گیند پر امپائر نے بیٹسمین کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تو شکیب الحسن نے پاؤں کی ٹھوکر سے وکٹیں گرادیں اور امپائر سے بحث بھی کی۔

ایک اور موقع پر جب امپائر نے بولر کی گیند پر بیٹسمین کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تو اُس وقت بھی شکیب الحسن آپے سے باہر ہوگئے اور غصے میں پچ پر پہنچ کر ہاتھوں سے تینوں وکٹیں اُکھاڑ کر پھینک دیں۔

اس واقعے پر شکیب الحسن نے اپنے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اب اُن سے ایسی حرکت دوبارہ نہیں ہوگی۔

شکیب الحسن کو لیول تھری کی خلاف ورزی کرنے پر تین میچ کے لیے معطل کردیا گیا ہے اور پانچ لاکھ ٹکہ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔