اپوزیشن بجٹ کے اعدادوشمار پڑ ھے بغیر تنقید کر رہی، گورنر پنجاب

June 13, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سمیت اراکین قومی اسمبلی کی ملاقات ۔گور نر پنجاب کی عوام دوست وفاقی بجٹ 2021/22پر وزیر خارجہ ،سپیکر قومی اسمبلی اور اراکین اسمبلی کو مبارکبادجبکہ سیاسی ،حکومتی اور پار لیمانی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی ۔ ہفتہ کے روز گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اوروزیر خارجہ شاہ محمود قر یشی نے ملاقات کی۔اس موقعہ پر پنجاب کے صوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اختر ملک ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک عامر ڈوگر اور ایم این اے زین قر یشی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران وفاقی بجٹ ،سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی ۔ ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور ،وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور اتحادی ملکر آسانی سے وفاقی بجٹ منظور کروانے میں کامیاب ہوجائیں گے اور مخالفین کو شکست کا سامنا کر نا پڑے گا ۔گورنر سرور نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن وفاقی بجٹ کے اعدادوشمار پڑ ھے بغیر تنقید کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر معاملے میں کیڑے نکالنا سیاسی مخالفین کی عادت بن چکی ہے ان کو چاہیے کہ وہ تنقید کر نے کی بجائے حقائق کو سامنے رکھ کر بات کر یں۔ اُنہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت عوامی امنگوں کے مطابق سیاست کر رہی ہے اور بجٹ میں عوام کو ہرشعبے میں ریلیف دینا اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام دوست بجٹ پیش کر نے پر وزیر اعظم عمران خان اور انکی معاشی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔