سپرلیگ: یونائیٹڈ نے پانسہ پلٹ دیا، قلندرز کو شکست، فاتح ٹیم کی پہلی پوزیشن

June 14, 2021

یونائیٹڈ نے پانسہ پلٹ دیا، قلندرز کو شکست

ابوظبی (جنگ نیوز) اسلام آباد یونائیٹڈ نے عمدہ بولنگ سے پانسہ پلٹتے ہوئے لاہور قلندرز کی جیت کو ہار میں تبدیل کردیا۔ اتوار کو شیخ زاید اسٹیڈیم میں اسلام آباد نے لاہور قلندرز کو28رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ دونوں ٹیموں نے سات میچوں کے بعد پانچ پانچ میچ جیتے اور دو دو ہارے ہیں۔ شاداب خان کی ٹیم بہتر رن ریٹ پر ٹاپ پر آگئی ہے۔ اتوار کو قلندرز نے اسلام آباد کی پانچ وکٹیں 20رنز پر حاصل کرلی تھیں لیکن فاتح سائیڈ نے ریکور کرتے ہوئے سات وکٹ پر152 رنز بنادیے۔ آصف علی نے جارحانہ انداز میں 43گیندوں پر75 رنز بنائے ۔ ہدف کے تعاقب میں لاہور کے دو وکٹ پر 86رنز تھے پھر اچانک بیٹنگ ناکام ہوگئی اور14 رنز پر سات وکٹ گر گئے۔ فخر زمان میچ فنش کرنے کے بجائے غیر ذمے داری سے وکٹ گنوا بیٹھے۔ ابتدائی دو میچوں کے مین آف دی میچ راشد خان اچھی بولنگ نہ کرسکے لیکن شاداب خان اور فواد احمد کا جادو سر چڑھ کے بولا ۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے مسلسل ناکامیاں سمیٹنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی کو 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ موسی خان نے تین جبکہ لیگ اسپنرز شاداب خان اور فواد احمد نے دو دو شکار کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔153 رنز کے تعاقب میں 55 رنز کی افتتاحی شراکت کے باوجود لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 124 رنز پر ہمت ہارگئی۔ فخر زمان 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 44 جبکہ سہیل اختر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دوسرے میچ میں رات گئے تک پشاور زلمی نے سپر لیگ سکس میں اتوار کی شب کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کو فتح کیلئے 167 رنز کا ہدف دیدیا۔ 71 رنز کے جارحانہ آغاز کے بعد ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ زلمی کی ٹیم بڑا اسکور حاصل کریگی لیکن فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے اننگز کے درمیان اوورمیں زبردست اسپیل کرایا اور اپنے چار اوورز میں 31 رنز دے کر چار وکٹ لیے۔ ایک وکٹ بلیسنگ مزربانی کے حصے میں آئی۔ پشاور کی جانب سے حیدر علی نے 28 اور کامران اکمل نے 35 رنز کی اننگز کھیلیں۔ شعیب ملک کھاتہ کھولے بغیر شاہنواز کی پہلی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ملر 22،رومین پاول چار، فیبئن ایلن تین رنز بناکر آئوٹ ہوئے، اننگز کے اختتامی اوورز میں شرفین ردر فورڈ نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے۔ وہاب ریاض صفر اور عمید آصف چار رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ زلمی کے دو بیٹسمین رن آئوٹ ہوئے۔ پشاور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹ پر 166 رنز بناسکی۔