ملتان: دلہن زیادتی کیس کا دوسرا ملزم بھی پولیس مقابلے میں ہلاک

June 14, 2021

ملتان، شجاع آباد (نمائندگان جنگ) دلہن مبینہ گینگ ریپ کا دوسرا ملزم شوکت بھی مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہوگیا،دو روز قبل اسی کیس میں ملوث ملزم عابد حسین بستی ملوک کے علاقہ میں پولیس مقابلہ میں مارا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر شجاع آباد کے علاقے جلال پور کھاکھی کے قریب پولیس مقابلے میں ملزم شوکت رونگھا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق شجاع آباد پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سوار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ملزم کو مزید برآمدگی کے لئے لے جایا جا رہا تھا کہ جلال پور کھاکھی کے قریب ملزم کے دیگر ساتھیوں نے اپنے ساتھی کو چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے بھی حق حفاظت کے تحت جوابی فائر کیے، اس دوران گرفتار ملزم شوکت رونگھا سکنہ شجاع آباد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ جبکہ حملہ کرنے والے ملزمان رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ ہلاک ملزم ڈکیتی، دوران ڈکیتی ریپ، نقب زنی، چوری، موٹر سائیکل چوری سمیت 30 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ہلاک ملزم 02 ہفتے قبل تھانہ سٹی شجاع کے علاقے حاجی شاہ والا میں دلہن زیادتی کیس میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔ فرار ملزمان کے خلاف تھانہ صدر شجاع آباد میں مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔