جماعت اسلامی کی ساکھ پرکوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا،امیرالعظیم

June 14, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ میں شیخوپورہ اور اوکاڑہ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی کا اعزاز ہے کہ اس کی ساکھ پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ۔ جب تک اقتدار و اختیار اللہ تعالیٰ اور رسول کے احکامات کے تابع نہیں ہوگا، ہمارا دین مکمل نہیں ہوگا ۔ جماعت اسلامی ملک میں فرسودہ اور سودی نظام کے خاتمے کے لیے ہمہ تن جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ملک و قوم کی امیدوں کا مرکز ہے مزید برآں نائب امیراور جماعت اسلامی کی قائمہ کمیٹی سیاسی انتخابی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ انتخابی اصلاحات کی قانون سازی غیر جمہوری ، غیر پارلیمانی اور دھوکہ بازی پر مبنی ہے ۔مزیدبرآںامیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ غربت اور مہنگائی کے طوفان میں وفاقی بجٹ عوام کیساتھ بھیانک مذاق ہے۔ بجٹ کو معاشی ترقی میں اضافہ کا باعث قرار دینے والے حکمرانوں نے ملک و قو م کو آئی ایم ایف اور ورلڈ کے سامنے گروی رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لبیر فیڈریشن کے عہدیدار وں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صدر نیشنل لبیر فیڈریشن پنجاب محمد امین مہناس، ضیاءالدین انصاری، چوہدری محمود الاحمد سمیت دیگرنے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکومت کے اقتصادی جادوگروں نے وفاقی بجٹ میں قوم کو ہمیشہ کی طرح بیوقوف بنایا ہے جس میں اربوں کھربوں کی قصے کہانیاں شامل ہیں۔مہنگائی کی چکی میں پسے مزدور، دیہاڑی دار،سفید پوش عام آدمی کی زندگی محرومی،محتاجی اور بے بسی کے گرداب میں بری طرح دھنس چکی ہے اور دوسری طرف زمینی حقائق کے برعکس حکمران عوام کی قوت خرید میں اضافے کے بلندو بانگ دعوے کررہے ہیں جن پر انہیں شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کو عوام دوست بجٹ قرار دینے والے حکمرانوں کا عوام دوستی کا اِس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں بجلی،چینی اور روز مرہ کی کھانے پینے کی اشیاءمزید مہنگی کرکے عوام کو مہنگائی کی کوڑے مارے جائیں گے ۔