شاہ محمود سمیت وزراء نے شہباز شریف کی تقریر کے دوران ہلڑ بازی کی، ن لیگ

June 14, 2021

اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کو پارلیمنٹ کی ملکی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیدیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال اور سردار ایاز صادق نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

احسن اقبال نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، سرکاری بینچوں سے ہلڑ بازی کر کے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی تقریرکو روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزراء بھی ہلڑ بازی کا حصہ تھے، دراصل حکومت سچ سننے کا حوصلہ نہیں رکھتی، پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کو داؤ پر لگایا جارہا ہے۔

سینئر ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ کسی آمر نے بھی قومی اسمبلی کو ایسے یرغمال نہیں بنایا، جیسا آج دیکھنے میں آیا ہے، ہم پارلیمنٹ کو بنی گالہ ہاؤس نہیں بننے دیں گے۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھاکہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے دوران خطاب صرف یہ کہا کہ اگر عوام کی جیب خالی ہے تو یہ بجٹ جعلی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آج حکومتی اور اسپیکر قومی اسمبلی کے رویے سے ایوان کا وقار کم ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ اپوزیشن لیڈر کو بات کرنے سے روکا گیا ہو، قائد حزب اختلاف کل تقریر کریں گے۔