ورلڈ بلڈ ڈونرز ڈے ،فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد

June 15, 2021

پشاور(جنگ نیوز) فرنٹیئرفاوئڈیشن کے زیراہتمام ورلڈبلڈڈونرڈے کے موقع پرسیمینار کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخرزمان،ڈائریکٹرپراجیکٹ لائبہ فیاض،ڈائریکٹرمیڈیافاروق مہمند،بلڈکولیکشن ٹیموں کے اراکین اوربلڈ ڈونرز کثیر تعداد میں موجودتھے، چیئرمین فرنٹیئرفاؤنڈیشن صاحبزادہ محمد حلیم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے منانے کا مقصدبلڈ ڈونرز کو خراج تحسین پیش کرنا اور تھیلی سیمیا، ہیموفیلیا سمیت دیگر امراض خون میں مبتلا ننھے بچوں کیلئے خون عطیہ کرنے کے حوالے سے شعور بھی اجاگر کرنا ہے ،انہوں نے کہا کہ بلڈ ڈونرز ہمارے ہیرو ہیں جن کے عطیہ کئے گئے خون سے تھیلی سیمیا ، ہیموفیلیا اور دیگر خون کے امراض میں مبتلا بچوں و افراد کی جانیں بچائی جا رہی ہیں،اس موقع پر ایڈمنسٹریٹرڈاکٹرفخرزمان کاکہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں سالانہ ضرورت مندوں کو 32 لاکھ بیگز خون درکار ہوتا ہے جبکہ16سے18 لاکھ بلڈبیگز جمع ہوپاتے ہیں یوں12 سے14 لاکھ ضرورت مندوں کومشکلات کاسامنا کرناپڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا کے 62ممالک میں ضرورت مندوں کوخون کی کمی کاسامنا ہے جہاں خون عطیہ کرنے والے لوگوں کی تعداد صرف دو فیصد ہے جبکہ پاکستان میں یہ تعداد ایک فیصدسے بھی کم ہے،انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث بلڈ کیمپوں کا انعقاد نہ ہونے کے برابر ہے جس کے باعث ننھے بچوں کو انتقال خون میں مشکلات کا سامنا ہے، انہوںنے شرکاءپرزور دیا کہ وہ خون عطیہ کرکے انسانی جانوں کوبچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سیمینارکے دوران سوال و جواب کا بھی سیشن ہوا جس میں ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخرزمان نے شرکاءکے سوالوں کے تسلی بخش جوابات دیئے۔