کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دیدی

June 15, 2021

وفاقی کابینہ نے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021 کی اصولی منظوری دے دی جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 جون اور 9 جون 2021 کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

وزیرِاعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ الیکشن اصلاحات بل قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ بھجوا دیا گیا، الیکٹرانک ووٹنگ، اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کے حق سے متعلق آرڈیننس سینیٹ کو بھجوادیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ نادرا کے سسٹم کے آڈٹ سے متعلق وزارتِ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کی رپورٹ پیش کی جاچکی ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ای وی ایم کا الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کروایا جا چکا ہے۔

بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی پروٹو ٹائپ تیاری کا عمل جاری ہے۔

اعلامیے کے مطابق والٹن ائیرپورٹ کے مقام پر سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام سے متعلق آمدنی کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آمدنی کا 42.6 فیصد سول ایوی ایشن کو اور 57.4 فیصد پنجاب گورنمنٹ کو ملے گا۔

اعلامیے کے مطابق مذکورہ زمین 52 ایکڑ سول ایوی ایشن کی ملکیت اور 70 ایکڑ حکومت پنجاب کی ملکیت ہے۔

عزیز نشتر، ثاقب ہمدانی، قاصف شاہد کو پاکستان پوسٹل سروسز میں بطور پرائیویٹ ممبرز تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق نعمان احمد کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ میں بطور ممبر پراجیکٹ پلاننگ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز فاؤنڈیشن کے قیام پر فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔

کابینہ نے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021 کی اصولی منظوری دے دی۔

جبکہ این ڈی ایم اے کو سٹرام واٹر ڈرین پراجیکٹ منصوبے پر عمل درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

کابینہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی مانیٹرنگ کے مؤثر نظام کو یقینی بنایا جائے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 جون اور 9 جون 2021 کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔