المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کا ریلیف مشن، ایک لاکھ پونڈ مالیت کی امداد غزہ کے متاثرین تک پہنچا دی، عبدالرزاق ساجد

June 19, 2021

لندن ( راجہ فیض سلطان ) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے غزہ کے مہاجرین اور مظلومین کے لئے ’’ایمرجینسی ریلیف مشن‘‘تیز تر کر دیا ہے ۔ ’’المصطفیٰ “ کی طرف سے ایک لاکھ پاؤنڈ کی امداد فلسطین کے مہاجرین تک پہنچا دی گئی ہے اور خوراک و ادویات پر مشتمل ہزاروں باکسز بے گھر ہو جانے والے فلسطینیوں کی عارضی رہائش گاہوں میں تقسیم کر دیئے گئے ہیں ۔ فلسطین میں پہلے سے قائم المصطفیٰ کا موثر نیٹ ورک اور المصطفیٰ کے متحرک رضاکار مظلوموں کے درد بانٹنے میں مصروف ہیں ۔ برطانیہ سے فلسطین جانے والی المصطفیٰ کی ٹیم نے ہسپتالوں میں زیر علاج فلسطینی بچوں کی عیادت کی اور ان میں تحائف اور ادویات تقسیم کیں ۔ المصطفیٰ کے وفد نے مسجد اقصیٰ کے امام اور ڈائریکٹر شیخ عمر فہمی الکسوانی سے بھی ملاقات کی ۔ ان خیالات کا اظہار المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے فلسطین کا دورہ مکمل کر کے واپس لندن پہنچنے پر میڈیا کو جاری اپنےبیان میں کیا ہے ۔ عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ غزہ سے جانیں بچا کر مصر اور اردن کے سرحدی علاقوں میں آ کر کیمپوں میں رہنے والے فلسطینی مہاجرین کی حالت زار انتہائی تشویشناک ہے ۔ فلسطینی مہاجرین کے ان کیمپوں میں مارچ کے آخر تک کورونا کے 48 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں اور ہزاروں فلسطینی مہاجرین غذائی قلت کا شکار ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ میں خود المصطفیٰ کی ٹیم کے ہمراہ فلسطین کے ان علاقوں کا دورہ کر کے آیا ہوں ، جہاں ہزاروں زخمی فلسطینی جھونپڑیوں میں ابتدائی طبی امداد اور خوراک سے محروم بے یارو مددگار پڑے ہیں ۔ حالیہ بمباری کے نتیجے میں 20 لاکھ آبادی پر مشتمل غزہ کی پٹی میں بے شمار کمرشل اور رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں ۔ غزہ کی وزارت ہاؤسنگ کے مطابق کم و بیش 17 ہزار گھروں کو تازہ بمباری سے نقصان پہنچا ہے ۔ جن میں دو ہزار گھر ایسے ہیں جو اب رہائش کے قابل نہیں رہے ۔ غزہ کی تعمیر نو وقت کی اہم ضرورت اور بہت بڑا چیلنج ہے ۔ بے گھر ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کو رہائش ، علاج معالجے ، خوراک اور ادویات کی اشد ضرورت ہے جبکہ بے شمار شدید زخمیوں کی جانیں بچانے کے لئے انھیں ہنگامی بنیادوں پر بیرونی ممالک میں بھیجنا بھی ضروری ہے ۔ المصطفیٰ ویلفیر ٹرسٹ کے چیئرمین نے بتایا کہ المصطفیٰ کے وفد کو مسجد اقصی کے امام اور ڈائریکٹر شیخ عمر الکسوانی نے ملاقات کے دوران آگاہ کیا کہ حالیہ بمباری سے مسجد اقصیٰ کو شدید نقصان پہنچا ہے اور مسجد اقصیٰ کی مرمت کا تخمینہ دو لاکھ پاؤنڈ سے زیادہ ہے ۔ عبدالرزاق ساجد نے اعلان کیا کہ ہم المصطفیٰ کے پلیٹ فارم سے مسجد اقصیٰ کی مرمت کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ہر قسم کا مالی تعاون کریں گے ۔المصطفیٰ ویلفیر ٹرسٹ نے غزہ کے مظلومین اور فلسطینی مہاجرین کی داد رسی کے لئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے ۔ اس فلاحی منصوبہ پر عملدرآمد کے لئے المصطفیٰ کو مخیر اور دردمند افراد کے فراخدلانہ تعاون کی ضرورت ہے ۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ اس وقت زخموں سے چور بلکتے تڑپتے فلسطینیوں کی مدد کرنا سب سے بڑی نیکی اور سب سے بڑی عبادت ہے ۔ فلسطینیوں کی بے بسی اور عالمی برادری کی بے حسی کی انتہا ہو گئی ہے ۔ غزہ بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ انٹرنیشنل میڈیا کو غزہ تک رسائی دی جائے اور غزہ میں عالم امن فوج تعینات کی جائے ۔