میں نے اکشے کمار کی فلم کیلئے آڈیشن دیا تھا: مایا علی کا انکشاف

June 19, 2021

فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ مایا علی نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی فلم میں اُن کے ساتھ کام کرنے کے لیے آڈیشن دیا تھا جس میں وہ کامیاب بھی ہوگئی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مایا علی نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ’وہ اپنے ڈرامہ سیریل ’من مائل‘ کی شوٹنگ کے فوراََ بعد بھارت چلی گئی تھیں جہاں اُنہوں نے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی فلم میں اُن کے ساتھ کام کرنے کے لیے آڈیشن دیا تھا۔‘

مایا علی نے بتایا کہ ’وہ اپنے آڈیشن میں کامیاب ہوگئی تھیں اور اُن کی فلم کی شوٹنگ شروع ہی ہونے والی تھی کہ اُسی دوران بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔‘

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’پابندی کے بعد بھی ہم نے کام کرنے کی کوشش کی تھی اور بھارت کے علاوہ بھی مختلف مقامات پر شوٹنگ پر غور کیا لیکن ہم کامیاب نہ ہوسکے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اُنہوں نے کرن جوہر کی تمام فلمیں دیکھی ہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مایا علی کو بالی ووڈ میں کام کرنے کا کس قدر شوق ہے۔‘

واضح رہے کہ مایا علی نے فلم و ٹی وی انڈسٹری میں بہترین اداکاری کرکے اپنا لوہا منوانے کے بعد اب کاروباری میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔

مایا علی نے حال ہی میں کپڑوں کا برانڈ لاؤنچ کیا ہےجس کا نام ’مایا پریت‘ ہے۔