معروف اداکارہ مایا علی نے فلم و ٹی وی انڈسٹری میں بہترین اداکاری کرکے اپنا لوہا منوانے کے بعد اب کاروباری میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔
مایا علی نے مداحوں کو یہ خوشخبری دینے کے لیے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے خصوصی پوسٹ شیئر کی۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ اُنہوں نے اپنی کزن کے ساتھ مل کر کپڑوں کا برانڈ لاؤنچ کردیا ہے جس کا نام ’مایا پریت‘ ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’اگر خواب نہیں ہے تو جدوجہد نہیں ہوگی، میں اور میرے پیاری کزن زینب قدیر اور انسا قدیر ہمارے زندگی بھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
مایا علی نے لکھا کہ ’میرا یقین اب پہلے سے کہیں زیادہ اس بات پر پختہ ہے کہ اگر نیت صاف ہو تو اللّہ ہمیشہ ہی ایک راستہ طے کرتا ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’میں کپڑوں کا اپنا برانڈ لاؤنچ کرنے کے لیے بہت گھبرا رہی ہوں۔‘
اُنہوں نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’بس مجھے ابھی آپ کی محبت اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔‘
مایا علی کی پوسٹ پر عائزہ خان، بلال اشرف اور زارا نور عباس سمیت دیگر شوبز شخصیات اُنہیں مبارکباد دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ مایا علی سے قبل بھی شوبز انڈسٹری کی کئی اداکارائیں کاروباری دُنیا میں قدم رکھ چکی ہیں جن میں ماورا حسین، عروہ حسین، ایمن خان، منال خنا، ندا یاسر، صنم جنگ، عریبہ حبیب اور کومل عزیز سمیت دیگر شامل ہیں۔