جہانگیر ترین کو NRO دیکر بجٹ پاس کرایا گیا: رانا ثناء

June 19, 2021

مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے ذریعے جہانگیر ترین کو این آر او دے کر بجٹ پاس کرایا گیا۔

لاہور کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ 3 سال میں انتقام کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی حقیقت عوام پر واضح ہو چکی ہے، نیب سے کچھ نہیں بن پایا تو ایف آئی اے کو آگے کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی زبان محبت کی زبان ہے، کسی سے نفرت کا درس نہیں دیتی، جہانگیر ترین کے خلاف انتقامی کارروائی ہو رہی تھی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کو اب ایف آئی اے میں لے آئے ہیں، ڈی جی ایف آئی اے میرٹ پر فیصلہ کریں، انتقامی سوچ کے آلہ کار نہ بنیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 3 ماہ پہلے چیف جسٹس نے ججز کی تعیناتی کے لیے نام ریفر کیئے، وزارتِ قانون ان ججز کے نوٹیفکیشن جاری نہیں کر رہی۔