ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کے اندھے کلچر کا خاتمہ کیا ہے: عثمان بزدار

June 20, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہماضی میں مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کے اندھے کلچر کا خاتمہ کیا ہے۔

عثمان بزدار سے انصاف لائرز فورم کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت نے وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بار ایسوسی ایشنز کے لیے 25 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے جبکہ ماضی کی حکومتوں نے وکلاء برادری کے مسائل کو یکسر فراموش کیے رکھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جلد لاہور میں انصاف لا ئرز فورم کا گرینڈ کنونشن بلایا جائے گا، وکلاء برادری کو ہیلتھ کارڈز بھی دئیے جائیں گے اور وکلاء برادری کی رہائش کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں ہر کام میرٹ اورانصاف پر کیا جاتا ہے، ہم نے پولیس اور انتظامیہ کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے۔