کنگنا کی بہن رنگولی پر تیزاب کس نے پھینکا تھا؟

June 21, 2021

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ ان کی بہن رنگولی پر ایک شخص نے 21 برس قبل تیزاب پھینکا تھا جس کی وجہ سے انھیں تیسرے درجے کے جھلسنے کے زخموں کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انکی ایک آنکھ بھی ضائع ہوگئی تھی۔

کنگنا کے مطابق ان کی بہن رنگولی چندیل پر سڑک پر کھڑے ایک عاشق نے تیزاب پھینکا تھا، اس سے قبل ان کی منگنی ایک ایئر فورس افسر سے ہوئی تھی مگر جب اس نے انکی بہن کو اس واقعے کے بعد دیکھا تو وہ پھر کبھی بھی پلٹ کر نہ آیا۔

انٹر نیشنل یوگا ڈے کے موقع پر کنگنا نے کہا کہ ان کی بہن رنگولی چندیل ذہنی صدمے اور جسمانی زخموں سے یوگا کی وجہ سے صحتیاب ہوئی۔

کنگنا نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ان کی بہن نے یوگا پریکٹس شروع کی جس نے انھیں ذہنی اور جسمانی صحتیابی میں کافی مدد کی۔ اپنے انسٹا گرام پر کنگنا نے اپنی بہن رنگولی کی یوگا سیشن کے دوران تصاویر شیئر کی ہیں۔

انھوں نے رنگولی کے اس سفر کو بہت ہی متاثر کن یوگا اسٹوری قرار دیتے ہوئے اپنے پرستاروں کو کہا کہ یوگا کی وجہ سے رنگولی اس تیزاب حملے کے واقعے کے بعد نہ صرف صحت یاب ہوئیں بلکہ کسی حد تک اپنی بینائی بھی حاصل کی۔