انگین التان سے فراڈ کے ملزم کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور

June 22, 2021

لاہور کی مقامی عدالت نے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے ہیرو انگین التان سے فراڈ کے ملزم کاشف ضمیر کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور کرلی، ملزم کے خلاف تھانہ نشتر کالونی پولیس نے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ ، نیلی بتی لگانے اور اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاؤن نوشابہ یوسف نے ملزم کاشف ضمیر کی اسلحہ رکھنے اور خود کو سرکاری افسر ظاہر کرنے کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم کاشف ضمیر نے خود کو سرکاری افسر ظاہر کیا، اس کے قبضے سے نیلی بتی اور اسلحہ بھی برآمد ہوا، ملزم ضمانت کا حقدار نہیں، ملزم کے وکیل کا مؤقف تھا کہ ایف آئی آر میں درج دفعات قابل ضمانت ہیں، اس لیے ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔

عدالت نےایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ملزم کاشف ضمیر کی ضمانت منظور کر لی۔