خاقان نے شوکت ترین کیلئے کہا لفظ واپس لے لیا

June 22, 2021

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیرِ خزانہ شوکت ترین کے لیے کہا گیا لفظ واپس لے لیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نے وزیرِ خزانہ کے لیے جھوٹ کا لفظ استعمال کیا وہ ناراض ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ میں جھوٹ کا لفظ واپس لے لیتا ہوں اور اس کی جگہ غلط بیانی کہتا ہوں۔

سابق وزیرِ اعظم نے سوال کیا کہ وزیرِ خزانہ بتائیں کہ بجٹ میں غریب آدمی کو ریلیف دینے کی ایک بھی شق شامل ہے؟

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان اور وزیرِ خزانہ شوکت ترین مہنگائی میں اضافے سے نا آشنا ہیں۔

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے ڈیڑھ گھنٹے کی تقریر میں غریب آدمی کی بات نہیں کی۔