ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت 3‘ کا نیا ریکارڈ قائم

June 25, 2021

جیو ٹی وی سے نشر ہونے والی سیونتھ اسکائے انٹرٹینمنٹ کی مشہور زمانہ ڈرامہ سیریز ’خُدا اور محبت 3‘ نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت 3‘ کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) نے صرف 5 ماہ میں ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب پر 100ملین سے زائدویوز حاصل کرکے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

ڈرامے کے پروڈیوسر عبد اللّٰہ کادوانی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ڈرامے کی اس بڑی کامیابی کے بارے میں بتایا۔

ویڈیو میں ڈرامے کے پروڈیوسرز کی جانب سے اس کامیابی پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل’خدا اور محبت‘ کے تیسرے سیزن میں مرکزی کردار معروف اداکار فیروز خان اور اداکارہ اقرا عزیز نے ادا کیا ہے۔

ڈرامہ سیونتھ اسکائے انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کے تحت پروڈیوسرز عبد اللّٰہ کادوانی اور اسد قریشی کی تخلیق ہے۔