جیو انٹرٹینمنٹ کی مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت 3‘ میں زبردست اداکاری کرنے والے فیروز خان کو جہاں پاکستان میں مقبولیت مل رہی ہے تو وہیں بھارت میں بھی اداکار کے خوب چرچے ہورہے ہیں۔
فیروز خان نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’’ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت 3‘ پر اس قدر پُرجوش ردعمل دینے پر، میں تمام دیکھنے والوں کا شکر گزار ہوں۔‘‘
اداکار نے لکھا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ میں آپ کی اس بےانتہا محبت پر کیسے ردعمل دوں۔‘
فیروز خان کے اس ٹوئٹ پر جہاں پاکستانیوں نے محبت بھرے تبصرے کیے تو وہیں بھارتیوں کی جانب سے بھی اداکار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
فیروز خان کے ٹوئٹ پر ایک بھارتی مداح نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’سر آپ بہترین اداکار ہیں، میں بھارت سے آپ کا ڈرامہ دیکھ رہی ہوں۔‘
ایک اور بھارتی صارف نے لکھا کہ ’سر! آپ بھارت میں بھی ٹاپ پر ہیں، ہم بھارتی آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ’خدا اور محبت 3‘ نے یو ٹیوب پر بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردیے ہیں۔
’خدا اور محبت‘ کے سیزن 3 کی پہلی قسط 2 کروڑ 20 لاکھ مرتبہ دیکھی جاچکی ہے جبکہ اس ڈرامے کی دوسری قسط ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بار دیکھی گئی ہے۔
ڈرامے کی تیسری قسط دو روز قبل نشر کی گئی ہے جسے اب تک 80 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
خیال رہے کہ ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کا سیزن 3 سیونتھ اسکائی کے نامور پروڈیوسرز عبداللّٰہ کادوانی اور اسد قریشی کی سربراہی میں بنایا گیا ہے۔
اس ڈرامے کی کہانی مصنف ہاشم ندیم نے لکھی ہے جبکہ ہدایت کاری سید وجاہت حسین کی ہے۔