میرا کی دلیپ کمار کیساتھ نایاب تصاویر وائرل

July 08, 2021

پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے ہمراہ لی گئیں ماضی کی یادگار تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔

میرا نے دلیپ کمار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنے تصدیق شدہ انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ماضی کی کچھ نایاب تصاویر شیئر کی ہیں۔


لالی ووڈ اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویروں میں اُن کے ہمراہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار، اُن کی اہلیہ سائرہ بانو اور شتروگن سنہا کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے اپنے دورہ بھارت کے دوران دلیپ کمار اور اُن کی اہلیہ سائرہ بانو کے ہمراہ یہ تصاویر بنوائی تھیں۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’دلیپ کمار کے اس دُنیا سے رخصت ہوتے ہی آج ایک دور کا خاتمہ ہو گیا۔‘

میرا نے لکھا کہ ’دلیپ کمار نے ہمیشہ اپنی پرفارمنس سے فنکاروں اور مداحوں کو مُتاثر کیا۔‘

اداکارہ نے بالی ووڈ اداکار کی مغفرت کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’آپ کی میراث ہمیشہ زندہ رہے گی۔‘





واضح رہے کہ گزشتہ روز بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی۔

خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سال سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔