• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار کے انتقال پر بالی ووڈ فنکاروں کے تعزیتی ٹوئٹس



برصغیر کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر بالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے دلیپ کمار کے ساتھ لی گئی ماضی کی یادگار تصویریں اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں۔

مادھوری ڈکشٹ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’دُنیا میں ایسے افراد آتے ہیں جو اکیلے ہی تاریخ رقم کردیتے ہیں اور اُن افراد میں دلیپ کمار کا نام بھی شامل ہے۔‘

اُنہوں نے ماضی کے حسین دنوں کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں خوش قسمت ہوں کہ میں نے دلیپ کمار کے ساتھ کام کیا اور ہمیشہ اُس وقت کو یاد کرتی رہوں گی۔‘

آخر میں اُنہوں نے دلیپ کمار کے اہلخانہ اور عزیزوں سے دلی تعزیت بھی کی۔

ورون دھون نے اپنے پیغام میں دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج ایک لیجنڈری دور کا خاتمہ ہوگیا ہے۔‘

شاہد کپور نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ’ہم سب دلیپ کمار کے سامنے کچھ نہیں ہیں کیونکہ ہر اداکار نے آپ سے بہت کچھ سیکھا ہے۔‘


بالی ووڈ اداکار نے لکھا کہ ’آپ ایک حیرت انگیز اور پرفیکٹ اداکار تھے، آپ نے ہمیں جو دیا ہم اُس کی ہمیشہ قدر کرتے رہیں گے۔‘

آخر میں شاہد کپور نے دلیپ کمار کی مغفرت کی دُعا کی اور اُن کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت بھی کیا۔

اجے دیوگن نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دلیپ کمار کے ہمراہ لی گئی اپنی یادگار تصویر شیئر کی۔

اداکار نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں واقعی دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سُن کر حیران ہوں، میں اس خبر کے لیے تیار نہیں تھا۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’دلیپ کمار ایک لازوال اداکار تھے۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

تازہ ترین